لندن: مچھلی کے تیل کے سپلیمنٹس کو اومیگا تھری فیٹی ایسڈز کا ایک بہترین ذریعہ سمجھا جاتا ہے جو کہ صحتِ قلب کیلئے مفید ہے تاہم اب ایک حالیہ تحقیق بتاتی ہے کہ یہ بات مکمل طور پر درست نہیں ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بی ایم ایل میڈیسن نامی جریدے میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ مچھلی کے تیل کے سپلیمنٹس کا باقاعدگی سے استعمال اچھی صحت قلب والے لوگوں میں بھی فالج اور دل کی بے قاعدہ دھڑکنوں کا خطرہ بڑھا سکتا ہے۔
ماہر امراض قلب اور نیشنل جیوش ہیلتھ میں امراض قلب کی روک تھام اور فلاح و بہبود کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اینڈریو فری مین نے بتایا کہ مچھلی کا تیل بہت کم تجویز کیا جاتا ہے اور اس کے بارے میں پیشہ ورانہ طبی اصولوں میں زیادہ تفصیل بھی نہیں ہے تاہم پھر بھی زیادہ تر لوگ یہ استعمال کرتے ہیں۔
تحقیق کیلئے برطانیہ میں 40 سے 69 سال کی عمر کے 415,000 افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا جنہوں نے 12 سال تک مچھلی کے تیل کے سپلیمنٹس باقاعدگی سے لیے تھے
محققین نے پایا کہ اچھی قلب صحت کے باوجود ایسے لوگوں میں مچھلی کے تیل کے سپلیمنٹس کا باقاعدگی سے استعمال کرنے سے بےقاعدہ دھڑکنوں کا خطرہ 13 فیصد زیادہ تھا جبکہ فالج کا خطرہ 5 فیصد پایا گیا۔